بنگلورو،10؍جون(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ سدرامیا نے ریاستی پولیس کو ہدایت دی ہے کہ شہر بنگلور کو غنڈہ عناصر کی سرگرمیوں سے فوراً آزاد کرایا جائے۔آج پولیس کمشنر کے دفتر میں نئے کمانڈ سنٹر اور 100 نئے کال سنٹر اور نیٹ ورک سہولیات کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بنگلور ساری دنیا میں سب سے فعال اور متحرک شہر ہونے کا امتیاز رکھتاہے۔ اس شہر کی حفاظت کی ذمہ داری حکومت اور پولیس دونوں کی ہے۔پولیس فورس اگر دیانتداری سے کام کرے تو یہاں کے حالات میں معیاری تبدیلیاں لائی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عوام کی سہولت کیلئے نمما 100 سہولت قائم کی گئی ہے۔ اس سہولت کے ذریعہ آنے والے دنوں میں عوام اپنی شکایات راست طور پر پولیس ہیڈکوارٹرس تک پہنچا سکتے ہیں۔ آنے والے دنوں میں ریاست کے دیگر پولیس کمشنر دفاتر اور ضلعی مراکز میں بھی ایسی ہی سہولت قائم کی جائے گی۔پولیس کنٹرول روم میں جہاں محض پانچ لائن تھے ، انہیں بڑھا کر اب 100 لائن کردیاگیا ہے۔ ضرورت کے وقت فوری مدد کیلئے ہوئسلا ، گلابی ہوئسلا اور دیگر پولیس گاڑیاں جائے وقوع پر پہنچ جاتی ہیں۔ ریاستی حکومت محکمۂ پولیس کی تجدید پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ پولیس والوں پر یہ ذمہ داری ہے کہ عوام پرور رویہ اپناکر کام کریں، عوام سے رابطہ مستحکم کریں۔ سدرامیا نے کہاکہ شہر میں 1.1 کروڑ لوگ آباد ہیں، اورروزانہ لاکھوں افراد بنگلور کا سفر کیا کرتے ہیں۔ان کی حفاظت کی طرف خصوصی توجہ دینا اور بنگلور کو جرائم سے پاک شہر بنانا پولیس کی ذمہ دار ی ہے۔ وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے کہاکہ لندن میں بھی اسی طرز کا نظام موجود ہے، جہاں پولیس عوامی شکایت وصول کرتی ہے اور ان پر مناسب کارروائی کرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ عوامی شکایات وصول کرنے کیلئے وہاں 1700 افراد پر مشتمل عملہ متعین ہے۔ اسی سے متاثر ہوکر بنگلور میں یہ نظام متعارف کروایا گیا ہے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ سدرامیانے نمما 100 نیٹ ورک پر آنے والا پہلا کال وصول کیا ، خلاصی پالیہ کی ایک خاتون نے پاسپورٹ کھوجانے کے متعلق وزیراعلیٰ کو اپنی شکایت سنائی۔ سدرامیا نے اس سلسلے میں مناسب کارروائی کرنے افسران کو ہدایت دی ، اس موقع پر وزیر شہری ترقیات وحج جناب روشن بیگ ، ڈائرکٹر جنرل آف پولیس روپ کمار دتہ ، چیف سکریٹری سبھاش چندرا کنٹیا، پولیس کمشنر پروین سود اور دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔